حالات سنگین ہوچکے، خیبر پی کے حکومت دیوالیہ ہونے والی ہے: سپریم کورٹ

Nov 26, 2019

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کی سمجھ نہیں آتی کے پی کے حکومت کے سنگین حالات ہو چکے ہیں لگ رہا ہے کہ خیبرپی کے حکومت دیوالیہ ہو جائیگی۔ سپریم کورٹ میں خیبرپی کے محکمہ زراعت کے سرکاری ملازم احمد سعید کی تنخواہ کے حصول کے لئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس گلزار احمد کی سر برا ہی میں دو رکنی بینچ نے کی درخواست گزار سعید احمد کے وکیل نے کہا ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کیا جس وقت کی تنخواہ کا آپ تقاضا کر رہے ہیں اس وقت آپ نے کام کیا ہے۔ وکیل سعید احمد نے کہا درخواست گزار نے کچھ عرصہ کیا ہے اور کچھ عرصہ نہیں لیکن ہائی کورٹ نے واضح احکامات ہیں کہ تنخواہ دی جائے۔جس پر جسٹس گلزا راحمد نے کہامعلوم نہیں کہ پشاور ہائی کورٹ کیا کر رہی ہے۔ہمیں انکے احکامات کی سمجھ نہیں آ رہی۔ ہمیں تو لگ رہا ہے کہ خیبرپی کے حکومت بنک کرپٹ ہو جائیگی جب کام نہیں کرتے تو تنخواہ کیوں مانگتے ہیں۔ کے پی کے حکومت کے سنگین حالات ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالات میں خبیرپی کے حکومت دیوالیہ ہونے والی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار سعید احمد کی تنخواہیں دینے کی درخواست خارج کر دی۔

مزیدخبریں