لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل ہو گیا، ناردرن کے شمائل حسین کی نصف سنچری جبکہ سدرن پنجاب کے بلال احمد نے 4 شکار کیے۔ تفصیلات کے مطابق شالیمار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں جاری تین روزہ میچ کا پہلا روز ناردرن کے نام رہا۔ ناردرن کے 251 رنز کے جواب میں محض 26 رنز پرسنٹرل پنجاب کے 4کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شمائل حسین 52 اور عامر حسن ناقابل شکست 48 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں مقررہ 80 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ جواب میں سنٹرل پنجاب نے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنا لیے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں تاحال 225 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ دوسری جانب اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری تین روزہ میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کے 161رنز کے جواب میں4 وکٹوں کے نقصان پر83 رنز بنا لیے ہیں۔ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا آغاز کیا تو بلال احمد اور محمد شہزاد کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم161 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ بلال احمد نے 4 اور محمد شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عباس علی 56 رنز بناکر ٹاپ سکور ررہے۔ جواب میں سدرن پنجاب نے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 83 رنزبنا لیے ہیں۔ محمد شہزاد 28 اور علی حیدر 10 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سدرن پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں تاحال 78 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔