اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو بتا دیا ہے کہ ہمیں پروگرام کی ضرورت ہے اور کرونا کی وجہ سے ہماری مجبوریوں کو سمجھا جائے۔ لہٰذا آئی ایم ایف کا جائزہ مشن جلد پاکستان آئے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ طے ہونا باقی ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان کا دورہ کرے گا یا ورچوئل جائزہ لے گا۔ پاکستان کی معیشت نے ابھی پھلنا پھولنا شروع کیا ہے اور معیشت کو بہتری کے لیے مزید وقت چاہیے، پاکستان کی معیشت سالانہ 13 ہزار ارب روپے ٹیکس ادا کرسکتی ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ سالانہ 9 ہزار ارب روپے ٹیکس ہی ادا کردیں تو بھی بہتری ممکن ہے۔ ایف بی آرمیں اصلاحات کے عمل کو مکمل کرنا پہلی ترجیح ہے جب کہ ہر قسم کی خرید و فروخت کی معلومات ٹیکنالوجی کی مدد سے ایف بی آرکو مل گئی ہیں۔ مجھے میرے تجربے کی بنیاد پر حکومت نے اس عہدے پر تعینات کیا ہے، میں کسی عہدے کا خواہشمند نہیں لیکن کچھ دوستوں کے اصرار پر عہدہ قبول کیا۔
آئی ایم ایف کو بتا دیا ہے ہمیں پروگرام کی ضرورت ہے: ڈاکٹر وقار مسعود
Nov 26, 2020