اسلام آباد (صلاح الدین خان /نمائندہ نوائے وقت) وفاقی بیوروکریسی میں دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران سے متعلق ’’سیکریٹریزکمیٹی‘‘ نے ترمیمی سفارشات تیار کرکے وزیراعظم کو بھجوادی ہیں۔ کمیٹی نے سفارشات دوہری شہریت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں تیار کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج، ذیلی اداروں میں دوہری شہریت رکھنے والوں کی ملازمت پر پابندی برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمت میں غیرملکیوں کی ملازمت کے مواقع پر مکمل پابندی نہ لگائی جائے بلکہ سرکاری ملازمت میں غیر ملکیوں کی ملازمت کیلئے طریقہ کار، ایس او پیز بنائے جائیں۔ سفارش کی گئی ہے کہ دوہری شہریت کے متعلق تمام وزارتیں، حکومتی ادارے احکامات فوری جاری کریں، دوران سروس دوہری شہریت کے حصول کیلیے حکومت سے پیشگی اجازت لازمی قرار دی جائے، سول سروس میں نوکری کے لیے درخواست گزار کا درخواست میں دوہری شہریت ظاہرکرنا لازمی قرار دیا جائے۔