سمندری طوفان کا خطرہ، تامل ناڈو میں2 روزہ عام تعطیل کا اعلان

Nov 26, 2020 | 09:58

ویب ڈیسک

بھارتی حکومت نے خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان نیوار کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی، جس کے تحت بدھ اور جمعرات کو سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارت کے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کی روشنی میں حکومت نے ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو تیار رہنے اور  انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا آغاز کردیا جبکہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ’نیوار‘ طوفان شدت اختیار کر گیا ہے، آج رات یہ طوفان تامل ناڈو اور پانڈے چری کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔  جس کے پیش نظر سمندری علاقوں سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔

 بھارت میں طوفان کی آمد سے قبل ساحلی علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے جبکہ بجلی کے کھمبے بھی گر گئے جس کی وجہ سے بجلی کی ترسیل میں خلل پیدا ہوا۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بدھ اور جمعرات کو سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے چنائی ائیرپورٹ کو بھی دو روز کے لیے بند کردیا۔

 
 

مزیدخبریں