آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ملزموں احد چیمہ، شاہد شفیق کی ضمانتیں منظور   

Nov 26, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ملزموں احد چیمہ، شاہد شفیق کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ ریفرنس میں شامل نو ملزمان پہلے ہی ضمانت پر ہیں۔ سپریم کورٹ میں آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کی ضمانت کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربرا ہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت وکیل اشتراوصاف نے موقف اپنایا کہ ملزمان دو سال 9 ماہ سے جیل میں ہیں، جس پر جسٹس مشیر عالم نے کہا ایسا نہ کریں، ہر کیس میں ایسی ہی چیزیں ہو رہی ہے، جس پر وکیل اشتر اوصاف نے کہاعدالت کو صرف حقائق بتا رہا ہوں ملزم شاہد شفیق کو فروری 2018 میں گرفتار کیا گیا۔ ریفرنس دسمبر 2018 میں دائر ہوا اور فرد جرم فروری 2019 میں عائد کی گئی ۔آشیانہ ہائوسنگ سے خزانہ کو کوئی نقصان نہیں ہوا، میرے موکل کا کوئی مالی فائدہ ثابت نہیں ہوا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہم کیس کے میرٹس پر نہیں جائیں گے لیکن کیس ٹرائل مکمل ہوتا نظر نہیں آر ہا۔ جسٹس سردار طارق نے کہا دو سال اور نو ماہ سے ملزم جیل میں ہے نیب بتائے کیا یہ ہارڈ شپ کا کیس نہیں بنتا جس کے بعد عدالت دونوں ملزما ن کی دس، دس لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرلیں۔

مزیدخبریں