اُمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل اہم پلیٹ فارم : شاہ محمود

جدہ، اسلام آباد (امیر محمد خان، صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا جدہ ائرپورٹ پر مختصر قیام، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر مکہ مکرمہ  کے چیف آف رائل پروٹوکول احمد بن ظافر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجازِ اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ مختصر قیام کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے نائجر روانہ ہوگئے۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں ۔ وزیر خارجہ، نائجر میں منعقد ہونیوالے سہ روزہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اس اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔ وزیر خارجہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔. مسلم امہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کو ایک اہم پلیٹ فارم گردانا جاتا ہے۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کا اسلاموفوبیا سے متعلق بہت واضح اور ٹھوس موقف رہا ہے،بھارت کی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، دہشت گردی کی بھارتی پشت پناہی کے ٹھوس شواہد بھی پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر دیگر وزرائے خارجہ سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا، کچھ قرار دادیں اس اجلاس میں پیش کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تبدیلیوں پر گفتگو اور پاکستان کا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن