پاک فوج میں اہم تقرریاں ، 5کورکمانڈر تبدیل، 6افسروں کی لیفٹیننٹ جنرل عہدہ پر ترقی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج میں اعلیٰ سطح کی اہم ترقیاں‘ تقرریاں اور تبادلے کئے گئے ہیں۔ چھ افسروں کو لیفٹیننٹ جنرل  کے عہدے پر ترقی ملی ہے جب کہ پانچ نئے کور کمانڈرز مقرر ہوئے ہیں۔ اسی طرح جی ایچ کیو میں متعین سٹاف افسران کی نئی تقرریاں اور تبادلے بھی عمل میں آئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ میجر جنرل سطح کے چھ افسران کو لیفیٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر ہیں اور اس وقت جی او سی اوکاڑہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک دوسرے بیان میں تبادلوں اور تقرریوں کی تفصیل فراہم کی گئی ہے۔ اس بیان کے مطابق جن افسران کی نئی تعیناتیاں اور تقرر کیا گیا ہے ان میں لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیاء کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننت جنرل سرفراز علی کمانڈر سدرن کور کوئٹہ، اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو آرمی کی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح درج ذیل افسران کو جی ایچ کیو میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جن میں لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان انسپکٹر جنرل آرمز، لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کو انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایولیوایشن، لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات کو ملٹری سیکرٹری، اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن