بھارتی دہشتگردی سے متعلق ڈوزیئر کا جائزہ لیں گے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی پاکستان کو یقین دہانی

Nov 26, 2020

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز)  سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئٹرس نے پاکستانی رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کی یقین دہانی کرا دی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے انتونیو گوئٹرس سے ملاقات کرکے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے ڈوزئیر پیش کیے تھے۔مستقل مندوب منیر اکرم نے ڈوزیئر میں دیئے گئے مختلف شواہد کی روشنی میں بھارتی دہشت گردی پر سیکرٹری جنرل کو بریف کیا۔ منیر اکرم نے موقف اختیار کیا کہ بھارت ایل او سی پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی، پاکستان میں دہشت گردی کرانے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی دہشتگردی یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کا حق رکھتا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بھارت کے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے ٹھوس شواہد پر مشتمل ڈوزئیر بھی پیش کر چکے ہیں۔ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں، انہیں کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرنا میرے فرائض میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے، ڈوزئیر کی کاپیاں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کی کمیٹی میں پیش کی جائیں۔ بھارت کے پاس دفاع کیلئے کچھ نہیں کشمیر اور بھارتی دہشت گردی کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں