حیدرآباد (نامہ نگار) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران حکومت کی جانب سے کاروباری نظام الاوقات کے دوران لوڈشیڈنگ یا شٹ ڈائون کے نام پر بجلی کی بندش نہ کی جائے تاکہ تاجر و صنعتکار اِن کم سے کم اوقات میں اپنا کاروبار بحسن و خوبی جاری رکھ سکیں اور اِس پریشان صورتحال میں اُن کو مزید امتحان میں نہ ڈالا جائے۔ اُنہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو محمد یعقوب سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے تمام ماتحت افسران کو اِس بات کا پابند بنائیں کہ صنعت و تجارت میں تسلسل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لوڈشیڈنگ اور شٹ ڈائون کا سلسلہ کاروباری اوقات میں قطعاً کرنے سے اجتناب برتیں ۔