ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا:محکمہ موسمیات

Nov 26, 2020 | 13:18

ویب ڈیسک

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

اسلام آباد  کے مختلف علاقوں میں بارش سے خشکی ختم اور سردی میں اضافہ ہو گیا۔ پنجاب کےمیدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے جب کہ شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقے سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

ساہیوال اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ چند میٹر تک محدود ہو گئی ہے۔ فیصل آباد روڈ اور جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی ہے۔

ساہیوال کی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ  شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس  کااستعمال کریں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں آج بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا۔ خطہ پوٹھوہار، بالائی و وسطی پنجاب، زیریں سندھ اور خیبر پختونخوا میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، میانوالی، سرگودھا، بھکر، لیہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال اور نارووال میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں برف باری ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے علاقے دیر، چترال، مالاکنڈ، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، بٹگرام، ہری پور، نوشہرہ، کوہستان، صوابی اور مردان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، وزیرستان اور کرم ایجنسی میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

مزیدخبریں