نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہماری جنگ ایک دوسرے سے نہیں بلکہ کورونا وائرس سے ہے اور کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ روز تھینکس گیونگ ڈے پر امریکی شہریوں سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ کورونا وائرس کے کیسز میں جاری اضافے اورزیادہ خطرے کے باعث تعطیل مختصر اور محدود پیمانے پر منائیں اور زیادہ لوگ جمع نہ کریں ایک دوسرے کے ساتھ اختلافات اور تفرقہ کو ختم کریں کیونکہ یہ موسم سرما کورونا وائرس کے باعث بہت مشکل اور طویل ہے یہی وجہ ہے کہ وہ بھی تھینکس گیونگ ڈے صرف اپنی بیوی، بچوں اور بہت کم قریبی عزیزوں کے ساتھ منانے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آپ کا صدر ہمیشہ سچ بولے، ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافے کو کم کرنا ہو گا اور اس سلسلے میں ڈاکٹرز، نرسیں، فرنٹ لائن ورکرز اور ہمارے شہری بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ کورونا وائرس کے باعث ہمیں درد، کاروباری نقصان، انسانی جانوں کے ضیاع کا سامنا ہے، کورونا وائرس نے ہمیں اور ہماری سوچ کو تقسیم کر دیا ہے اور ایک دوسرے کے خلاف کر دیا ہے لیکن ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ پر ہیں اور اس کے لیے ہمیں مضبوط اور متحد ہونا ہو گا اور کورونا وائرس کے خلاف بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کو شکست دے سکتے ہیں اور ہم شکست دیں گے اور اس کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا اور وہ وعدہ کرتے ہیں کہ زندگی دوبارہ معمول پر واپس آئے گی اور تقسیم کا یہ وقت روشنی اور یکجہتی میں تبدیل ہونے جارہا ہے۔