لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مقامی ہوٹل میں ’’رِسک کمیونی کیشن اینڈ رپورٹنگ اِن پنڈیمکس‘‘کے عنوان پر منعقدہ میڈیا ورکشاپ میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔میڈیا ورکشاپ میں رِسک کمیونی کیشن اور وباؤں کے دوران میڈیاکے کردار پر سیرحاصل گفتگو اور تبادلہ خیال کیاگیا۔میڈیا ورکشاپ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیراور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے منعقدکی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پرمیڈیاورکشاپ کے انعقادپر محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے افسران کو مبارکباددیناچاہتی ہوں۔میڈیا کوریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت حاصل ہے۔عوام میں مثبت اور درست معلومات پہنچانامیڈیاکی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔غیرذمہ دارانہ صحافت سے عوام میں سنسنی اور افراتفری پھیلتی ہے۔صحت کا شعبہ رپورٹنگ کے اعتبارسے انتہائی تکنیکی ہے۔کروناوباء کے دوران میڈیانے انتہائی مثبت اور ذمہ دارکرداراداکیا۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندربلوچ نے کہا کہ محکمہ صحت کے اقدامات اجاگرکرنے کیلئے میڈیاکاکردارانتہائی اہم ہے۔ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیرنے کہا کہ میڈیا ورکشاپ کے دوارن تمام صحافیوں کے ساتھ ہیلتھ رپورٹنگ بارے سیرحاصل گفتگورہی ہے۔