لاہور (نامہ نگار) وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ کابینہ نے محکمہ ایکسائز اور این آر ٹی سی کے درمیان گاڑیوں میں ریڈیو فریکوئنسی ایڈنٹی فیکیشن ڈیوائس (وہیکلز پاسپورٹ) لگانے کے حوالے سے معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ تحریک انصاف حکومت کا انقلابی منصوبہ ہے۔ وزیر ایکسائز نے گزشتہ روز ڈی جی ایکسائزآفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ کی تفصیلات طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ محکمہ ایکسائز، سیف سٹی پولیس ٹرانسپورٹ سمیت دیگر ادارے ملکر وہیکل پاسپورٹ تیار کریں گے۔ گاڑیوں پر چپ لگائی جائے گی۔ جس سے تمام محکموں کے ٹیکس، گاڑی، ڈرائیور کا ڈیٹا،کریمنل ریکارڈ سمیت تمام معلومات ازخود اکٹھی ہوتی جائیں گی۔ ٹول اور پارکنگ پلازوں سمیت اہم مقامات پر چپ لگائی جائے گی۔ چپ کی قیمت ایک ہزار روپے ہوگی۔ صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس میں بڑے پیمانے پر چھوٹ دی ہے۔ پراپرٹی ٹیکس میں رعایت سے 15 ہزار یونٹس کو 3.4 بلین کا ریلیف ملے گا۔ پنجاب حکومت نے تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس میں کئے گئے اضافے کے فیصلے کوکالعدم قرار دے دیا ہے۔ محکمہ ایکسائز گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلئے بائیومیٹرک سسٹم لارہا ہے۔ بائیومیٹرک سسٹم کا آغاز دسمبر سے کردیا جائے گا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اس عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
وہیکلز پارسپورٹ منصوبہ