اٹک(نامہ نگار) ضلع کونسل کے بجٹ اجلاس میں چیئرپرسن ایمان طاہر صادق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ حکومتی بنچوں کے ساتھ ساتھ حزبِ اختلاف کے اراکین نے بھی ضلع کونسل کے موجودہ دور کو ایک یاد گار دور قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔اس موقع پر چیئرپرسن ایمان طاہر صادق نے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا جس کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی ادارے بحال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک مثال قائم کر دی ہے جس کی بناء پر آئندہ کوئی بھی حکومت بلدیاتی اداروں کو قبل از وقت تحلیل نہیں کرسکے گی۔ ایمان طاہر صادق نے کہا کہ ضلع کونسل کا اتفاقِ رائے سے چلایا جانا اراکین کے اچھے رویے سے ممکن ہو سکا۔ اسی خیر سگالی کے جذبے کے تحت بجٹ میں اپوزیشن کے ارکان کو بھی حکومتی ارکان کے برابر حصہ دیا گیا ہے۔ چیئرمین یو سی کی حیثیت سے منتخب ہونے والے ہر رکن کو اپنی یو سی کے لیے 40،40لاکھ روپے کے فنڈز ترقیاتی سکیموں کے لیے جاری کیے جائیں گے جبکہ دیگر اراکین کے لیے فی رکن 10،10لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرانے کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ضلع اٹک کے لیے خصوصی گرانٹ منظور کریں۔ اس موقع پر ممبر ضلع کونسل حاجی محمدنسیم نے چیئرپرسن ایمان طاہر صادق کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ضلع کونسل اٹک ، بجٹ اجلاس میں ایمان طاہرکی قیادت پر اظہاراعتماد
Nov 26, 2021