جوڈیشل مجسٹریٹ کو راستہ نہ دینے، گالم گلوچ پر 2 افراد کیخلاف مقدمہ درج

Nov 26, 2021

کلر سیداں (نامہ نگار)سکولوں کی ناظرہ چیکنگ کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ کی گاڑی کو راستہ نہ دینے اور جوڈیشل مجسٹریٹ سمیت دیگر اسٹاف کیساتھ گالم گلوچ کرنے پر دو افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ عادل عزیز نے تھانہ کلر سیداں میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا کہ میں بطور نائب کورٹ بعدالت محمد عابد جوڈیشل مجسٹریٹ دفعہ 30 کلر سیداں فرائض سر انجام دے رہا ہوں۔گزشتہ روز بوقت تقریبا 2 بجے دن، جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ناظرہ انسپکشن کے سلسلہ میں دودہلی موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کلر سیداں سکندر فیاض اور اسٹینو گرافر ذوالقرنین بھی ہمراہ تھے۔گورنمنٹ بوائز سکول سامتھی جانے کیلئے گلی سے گزرنے لگے تو گلی کی نکر پر ایک گاڑی نمبری آئی ڈی ایس 8926کھڑی تھی اور دو آدمی تعمیرات کے کام میں مصروف تھے جنہیں راستے سے گاڑی ہٹانے کو کہا گیا تو انہوں نے انکار کر دیا۔میں نے اپنا تعارف کروایا اور ساتھ ہی بتایا کہ ہمارے ساتھ جج صاحب بھی ہیں جس پر دونوں اشخاص بدتمیزی پر اتر آئے اور گالیاں دینے لگے۔ان میں سے ایک شخص نے میری طرف غصہ میں آکر دابڑہ سر پر مارنے کی کوشش کی مگر خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ دوسرے شخص نے پانی والی بالٹی ماری جو بازو پر لگی مگر کوئی ظاہری ضرب نہ آئی پھر اس نے وہی بالٹی میرے سر پر ماری میں پیچھے ہٹ گیا جس کی وجہ سے سر پر نہ لگ سکی۔اسی دوران ان لوگوں نے جج صاحب اور اسٹینو گرافر کیساتھ بھی بدتمیزی کی اور تقریباآدھا گھنٹہ تک سرکاری گاڑی کو گزرنے نہ دیا۔ ملزمان کے نام محمد اسحاق اورصدام معلوم ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں