اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے عالمی سمندروں میں تعیناتی کے تحت الجزائر کا دورہ کیا۔ بندرگاہ کے قریب پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال الجزائر بحریہ کے جہاز نے کیا۔ پاکستان کے دفاعی اتاشی اور الجزائر کی بحریہ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران مشن کمانڈر کموڈور اظہر محمود اور کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر کیپٹن بلال احمد ثنا نے الجزائر کی بحریہ کے کمانڈر سینٹرل میری ٹائم سیکٹر سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، مشترکہ بحری سیکورٹی کے مقاصد اور بحری تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی کی طرف سے الجزائر کے عوام کے لئے بالعموم اور الجزائر کی بحریہ کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مشن کمانڈر نے جہاز کے قیام کے دوران الجزائر کی بحریہ کے مکمل تعاون کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر، پی این ایس عالمگیر نے الجزائر کی بحریہ کے بحری جہاز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق میں شرکت کی تاکہ دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کو فروغ حاصل ہو سکے۔ پی این ایس عالمگیر کا حالیہ دورہ الجزائر دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاک بحریہ
عالمی سمندروں میں تعیناتی ، پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا الجزائر کا دورہ
Nov 26, 2021