لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے قومی سلامتی سنگین متاثر ہو سکتی ہے۔ اب ان کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ عمران خان کو خود ہی مستعفی ہو جانا چاہیئے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرح سود کو دگنا کرنا غلط فیصلہ تھا۔ جس سے قرضے بڑھے۔ آپ کے بس کی بات نہیں، جب پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں 20 روپیہ اضافہ ہوگا توتباہ کن اثر پڑے گا۔ صرف آئی ایم ایف سے چار آنے کے لیے عوام کے مفاد کو داؤ پر لگانے کیلئے تیار ہے۔ اب ان کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔ ملک کو قرضستان، کھنڈر بنا دیا۔ کل کو قرض دینے والے ایٹمی میزائل کی بھی بات کریں گے؟۔ وزرا کی تجوریاں بھری جا رہی ہیں۔ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مطابق 87 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ معاشی حالات درست نہیں، 43 فیصد لوگوں نے کہا مہنگائی ماررہی ہے۔ تقریبا 70 فیصد لوگ ملک کی معاشی ابتری سے رو رہے ہیں۔ وزراء کی طرح گورنر سٹیٹ بنک کو این آر او دیا جا رہا ہے۔ تین سال میں ہر پاکستانی کے ذمے قرض میں مزید 63 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 39 ماہ میں پاکستان پر واجب الادا رقم 50 اعشاریہ 5 کھرب تک پہنچ چکی ہے۔ وہ لیڈر کہاں گیا جو کہتا تھا ان قرضوں سے بھوکا بچہ کیسے کھانا کھائے گا۔ وزیر خزانہ نے تسلیم کیا کہ وقت پر ایل این جی کا سودا نہیں کیا گیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر بجلی اور گیس پر بھی پڑے گا۔
احسن اقبال
قومی سلامتی متاثرہونے کا خدشہ‘ حکمرانوں کو مستعفی ہونا چاہئے: احسن اقبال
Nov 26, 2021