کمبوڈین سفیر کی ملاقات‘ سیاحت‘  تجارت کے فروغ کیلئے رابطے بڑھانے کی ضرورت: پرویز الٰہی 

Nov 26, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور اعزازی قونصل جنرل چودھری سالک حسین سے کمبوڈیا کے سفیر انگ شان نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور  اور موجودہ بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان  باہمی رابطہ مہم کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ٹورزم اور تجارت مزید بڑھے۔ پاکستان کمبوڈیا کی ترقی میں تعاون کر رہا ہے۔ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج  کوئٹہ کمبوڈیا کے طالب علموں کو تعمیری شعبہ‘ پوسٹل سروس ریلوے کا نظام‘ بینکنگ سیکٹر سمیت آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کورس پروگرام ڈپلومہ پروگرام کامیابی سے کروا رہا ہے۔ میڈیسن ڈینٹل فارمیسی میں ہر سال کمبوڈیا کے سٹوڈنٹس کو تعلیم دی جاتی ہے۔  انگ شان نے چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خوبصورت اور امن پسند ملک ہے۔ کمبوڈین سٹوڈنٹس‘ تاجر اور سیاح پاکستان میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تجارت ثقافت سیاحت سمیت دیگر امور کو مزید آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی کو علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈا سے ٹیلیفون کیا اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی صحت کے  بارے  میں معلوم کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین بڑے ملنسار اور سلجھی ہوئی شخصیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے 2014ء کے دھرنے کے حوالے سے یادیں تازہ کیں اور چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی صحت کے حوالے سے خصوصی دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پرویزالٰہی 

مزیدخبریں