اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار +آئی این پی+ نیٹ نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا بھارت نے ایف 16 طیارہ گرانے کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر اپنے شکست خوردہ پائلٹ کو ایوارڈ دیا۔ بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ نام نہاد اور جھوٹے سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے۔ عالمی برادری کشمیر میں تشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ عالمی برادری کو اب علم ہو رہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے امتیازی سلوک، انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب بھارت کے اندر سے بھی اس حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہے۔ افغانستان میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے، عالمی برادری بھی اس ضرورت سے آگاہ ہے۔ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کیلئے پاکستان اور دیگر ممالک کہہ رہے ہیں کہ بحال کئے جائیں۔ ہم افغانستان کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ واہگہ کے راستے گندم کی ترسیل کیلئے بھارتی ناظم الامور کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ بھارت سے افغانستان کو امداد کی فراہمی کا ایک ٹائم فریم ہے، اس ٹائم فریم کے اندر اس عمل کو مکمل کیا جائے گا۔ عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات اور پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے۔ امریکا کی جانب سے ڈیموکریٹک سمٹ پر دعوت نامہ موصول ہوا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ فوجی کریک ڈائون کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے بھی کم عرصے میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 35 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ وادی میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے میں امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ قابض فوج کشمیر میں جبری گمشدگیاں، ٹارگٹ کلنگ، ماورائے عدالت قتل اور آبادی کو اجتماعی سزائیں دینے جیسے جرائم میں ملوث ہے۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ بنائے۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف جامع ڈوزیئر میں بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے ہیں۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔