اسلام آباد (خبر نگار ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سپیکر لوک سبھا کی دعوت پر بھارت جانے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی لوک سبھا کی جانب سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو دورہ بھارت کی دعوت دی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ سپیکر لوک سبھا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ صد سالہ تقریب میں آپ کی شرکت ہمارے لیے اعزاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی نے کہا بھارت کے غیرقانونی قبضے والے مقبوضہ کشمیر سے متعلق 5 اگست کے غیرقانونی اقدام کی واپسی تک کسی بھارتی تقریب میں نہیں جاؤں گا، مودی سرکار نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت والی آئینی شقیں 370 اور 35 اے ختم کر کے ظلم ڈھایا گیا۔ خیال رہے لوک سبھا کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب کا انعقاد 4 دسمبر کو ہوگا۔ تقریب سے بھارتی صدر اور وزیراعظم نے خطاب کرنا ہے۔
مودی نے کشمیریوں پر ظلم ڈھایا ، چیئر مین سینٹ نے دورہ بھارت سے انکار کر دیا
Nov 26, 2021