لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے اور اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات ناقابل فہم اور قومی مفادات کے یکسر منافی ہیں اور ایسے بیانات ملک دشمن کے بیانیے کا عکاس ہیں۔ پاکستان کے عوام شر انگیز بیانیے کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔ ملک دشمن بیانیے کی پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایڈہاک بھرتیوں کیلئے رشوت لینے کی شکایات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسر کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیا۔ سیکشن افسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد شفیق کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کرپٹ افسروں کی پنجاب میں کوئی گنجائش نہیں۔ جہاں بھی کوئی شکایت سامنے آئی، ہمیشہ سخت ایکشن لیا ہے۔ عثمان بزدار سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سوشل پروٹیکشن ثانیہ نشتر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور احساس راشن پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس راشن پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور اس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی۔ وزرائ، ارکان اسمبلی اور انتظامی افسروں کو احساس راشن پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ احساس راشن پروگرام کو پنجاب میں خود لیڈ کروں گا اور اس پروگرام کی کامیابی کیلئے پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ احساس راشن پروگرام سے غریب طبقے کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہر تحصیل میں ون ونڈو سینٹرز کھولنا چاہتے ہیں۔ آپ نے احساس پروگرام کی کامیابی میں پہلے بھی مؤثر کردار ادا کیا۔