موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے معاہدہ متاثرہ افراد اور پوری دنیا کی جیت : بلاول 

اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہونے والا معاہدہ ان انسانوں کی جیت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی سے متاثر ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اہم معاہدے کا ہونا کسی ایک ملک نہیں، پوری دنیا کی جیت ہے۔ معاہدہ ان انسانوں کی جیت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے متاثر ہوئے ہیں۔ مالی تعاون کے حوالے سے دیکھنا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام کیا طریقہ کار اپناتا ہے اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں تک کیسے پہنچے گا۔ ہمارے خیال میں مالی تعاون کا معاملہ کوپ کے آئندہ اجلاس تک مکمل ہونے کا امکان ہے جس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ جی 77 پلس چائنا میں بہت سارے ممالک بلاشبہ ماضی میں ہونے والے وعدوں کی عدم تکمیل پر پریشان ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے صرف ترقی پذیر ممالک ہی نہیں، ترقی یافتہ دنیا بھی متاثر ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ"جی 77 پلس چائنا" کے موجودہ سربراہ کے طور پر ہم چاہتے ہیں کہ معاہدے کے نکات پر عمل درآمد ہو۔ ہم نے "ڈیمیج اینڈ لاس" فنڈ قائم کیا ہے۔ اگر میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جاتا ہوں تو ایک 'کلائمیٹ بینک' بھی ہونا چاہئے جہاں میں جا سکوں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا اس کلائمیٹ بینک سے مجھے مناسب ریٹ پر قرض ملنے چاہئیں۔ مجھے اپنے لوگوں کو دوبارہ ان کے قدموں پر کھڑا کرنا ہے۔ ماحول کو نقصان پہنچانے والے ایندھن کے استعمال کو ختم کرنے کے لئے عملی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے سپین کے وزیراعظم پیدروسانچز کو سوشلسٹ انٹرنیشنل کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن