بیجنگ (این این آئی)کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے جنرل سیکرٹری اور صدر مملکت شی جن پھنگ نے عظیم عوامی ہال میں سرکاری دورے پر آئے ہوئے کیوبا کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے فرسٹ سکریٹری اور کیوبا کے صدر ڈیاز کینیل کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے کہا کہ کیوبا مغربی نصف کرہ ارض میں چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا ملک ہے۔ چین اور کیوبا کے تعلقات سوشلسٹ ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون نیز ترقی پذیر ممالک کے درمیان مخلصانہ باہمی مدد کا نمونہ بن چکے ہیں۔چین کیوبا کے ساتھ باہمی سیاسی اعتماد کو مزید مستحکم کرنے، عملی تعاون کو وسعت دینے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر حمایت کرنے، بین الاقوامی اور علاقائی امور میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے، اپنی قومی خصوصیات کے ساتھ سوشلزم کی تعمیر کی راہ پر ہاتھ سے ہاتھ ملا کر کام کرنے اور نئے عہد میں چین - کیوبا تعلقات کو مسلسل گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر ڈیاز کینیل نے کہا کہ یہ دورہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم کیوبا اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ہم نئے عہد میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی تعمیر میں صدر شی کی قیادت میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے نظریات اور عملی شراکت کو تسلیم کرتے ہیں اور انہیں دنیا کی تمام ترقی پسند قوتوں کے لئے حوصلہ افزاء سمجھتے ہیں۔