پرونشل سروسزاکیڈمی خیبرپی کے:زیرتربیت پی ایم ایس افسروں کا ایل ڈی اے آفس کا دورہ

Nov 26, 2022


لاہور(نیوز رپورٹر) پرونشل سروسزاکیڈمی خیبرپی کے کے زیر تربیت پی ایم ایس افسران کے40رکنی وفدنے گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ہیڈکوارٹرز فارقلیط میر اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نایاب حیدر نے وفد کو خوش آمدید کہا۔وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل سٹیبلشمنٹ ڈویڑن اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخواہ منظور احمد کر رہے تھے۔اس موقع پر وفد ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز )فارقلیط میر نے کہا کہ ایل ڈی اے1975سے اب تک لاہورکی تعمیروترقی کیلئے سرگرم ہے۔ شہریوں کو زحمت سے بچانے کیلئے رہائشی سکیموں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیاجا رہا ہے۔ غیرقانونی رہائشی سکیموں کے سد باب کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماسٹر پلان2050ءلاہور ڈویژن کی تعمیر و ترقی کیلئے آئندہ 3 دہائیوں کیلئے ایک روڈ میپ مہیا کرے گا۔ ڈائریکٹر خرم یعقوب نے وفد کو ایل ڈی اے کے سٹرکچر ،ورکنگ اور جاری ترقیاتی کاموں، ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات، دائرہ کار اورطریقہ کار، رہائشی سکیموں ،پلاٹوں کے نیلام عام،لینڈ ایکوزیشن، میگا پراجیکٹس سمیت دیگر امور کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالباسط نے شرکاءکو ایل ڈی اے میں ڈیجیٹلائزیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔سوالات کے سیشن میں ایل ڈی اے افسران نے وفد ارکان کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے۔

مزیدخبریں