کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ انٹر بنک میں 2 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت 223.92 روپے سے بڑھ کر 223.94 روپے ہو گئی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت برقرار رہی۔ یورو کی قدر بھی 248.50 روپے پر مستحکم رہی۔ عالمی بلین مارکیٹ میں 3 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1753 ڈالر ہو گیا تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 59 ہزار 600 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 36 ہزار 683 روپے پر برقرار رہی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ضرور ہوا لیکن کاروبار کے آخری دن جمعہ کو بھی کاروباری سرگرمیاں اتار چڑھاؤ کا شکار رہیں‘ کے ایس ای 100 انڈیکس 43100 پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کے باوجود سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹیلی کام اور پٹرولیم سیکٹر میں منافع کے حصول کی خاطر شیئرز کی فروخت سے تیزی کی جانب جانے والی مارکیٹ مندے کی جانب چلی گئی اور ایک موقع پر مارکیٹ 29 پوائنٹس کے خسارے میں بھی گئی۔
انٹر بنک میں ڈالر 2 پیسے مہنگا‘ سٹاک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی
Nov 26, 2022