سودی نظام کے خاتمے کیلئے کام نہ ہوا تو کراچی تا چترال احتجاج کرینگے‘ سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ سودی نظام معیشت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی کراچی سے چترال تک چوکوں چوراہوں، سڑکوں پر بھرپور احتجاج کرے گی، مسئلہ کو ایوانوں، عدالتوں میں بھی اٹھائیں گے۔ جماعت اسلامی نے سود کی لعنت کے خاتمے کے لیے طویل جدوجہد کی، جسے اب نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ حکومت کے کہنے پر چند بنکوں نے سود کے حق میں سپریم کورٹ سے اپیلیںواپس لیں، ابھی تک 14اپیلیں ویسے ہی عدالت عظمیٰ میں موجود ہیں، تمام درخواستیں واپس نہ ہوئیں تو سمجھیں گے حکمران مخلص نہیں، قوم سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ حکومت فی الفور تمام اداروں اور حکومتی لین دین میں سود ساقط کرے، زرعی، صنعتی اور انفرادی قرضوں کی واپسی پر سود ختم کر کے اصل زر واپس لیا جائے۔ اسلامی نظام معیشت کے نفاذ تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ کی مرکزی مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ربا ایمنسٹی سکیم متعارف کروائے، زکوٰۃ وعشر کی بنیاد پر قومی معیشت استوار کی جائے۔ قوم سودی کاروبار کرنے والے بنکوں سے پیسہ نکال کر غیر سودی کاروبار کرنے والے بنکوں میں جمع کروائے۔ حکومتی ادارے تنخواہوں اور دیگر لین دین کو اسلامی معاشی ماڈل کے تحت کریں۔ اسلامی نظام معیشت کے حق میں قانون سازی کی جائے۔ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کی روشنی میں معاشی پالیسیاں تشکیل دے۔  دریں اثنا امیر جماعت کی اپیل پر ملک بھر میں یوم انسداد سود منایا گیا۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، پشاور، کراچی، کوئٹہ، ملتان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنماؤں کی قیادت میں سود کے خلاف ریلیاں اور مظاہرے ہوئے جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے مطالبات کیے۔علاوہ ازیں سراج الحق کی اپیل پر  ملک بھر میں یوم انسداد سود منایا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...