حیدرآباد، سول اسپتال کے تحت معدے کے امراض پر آگہی ریلی 


حیدرآباد(بیورو رپورٹ)گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ سول اسپتال حیدرآباد کے ترجمان ڈاکٹر ایم عارف سکندری کے مطابق گیسٹرو فیکلٹی کے زیر اہتمام کھانے کی نالی و معدے کی بیماری(گرڈ)کے حوالے سے منائے جانے والے ورلڈ گرڈ اورنیس ویک بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ اس حوالے سے گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جبکہ سیمینار سے قبل جگر و معدہ کے وارڈ سے ایم ایس آفس تک ایک آگاہی واک کی گئی جس میں ڈاکٹر نند لعل سیرانی، ڈاکٹر رشید بلال،ڈاکٹر شاکر کیریوو ڈاکٹر عارف سکندری سمیت گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ کے پیرا میڈیکس نے شرکت کی۔سیمینار اورواک کے شرکاءسے سربراہ گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اکرم باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ورلڈ گرڈ اورنیس ویک منا یا جا رہاہے اور اس سلسلے میں ہم نے بھی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا ہے جس کا بنیادی مقصد عوام میں گرڈ بیماری سے متعلق آگاہی اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ لوگوں کو اس مرض سے بچایا جائے اور اس کے پھیلا کو روکا جائے۔پاکستان میں ہر4 میں سے ایک شخص اس مرض میں مبتلا ہے جبکہ مغربی ممالک میں یہ بیماری عام ہے جس کی اہم وجہ وہاں پر جنک فوڈز اور فاسٹ فوڈز کے علاوہ شراب نوشی عام ہے اور اب ایشیائی ممالک میں بھی یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ڈاکٹر اکرم باجوہ نے مزید کہا کہ گرڈ کی بیماری اصل میں کھانے کی نالی اور معدے کی بیماری ہے جس میں مریض کو سینے میں جلن، بد ہضمی، کھٹی ڈکاریں، کھانے میں دشواری، سوتے وقت منہ میں ترش پانی آنا، سانس میں تکلیف، اپھارہ اور گیس کی شکایت ہوتی ہے، ایسی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں سے پرہیز کریں اور اپنے قریبی معالج سے رابطہ کریں۔گرڈ بیماری سے بچاﺅ کے حوالے سے شرکاءکو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم صحت مند زندگی گزاریں، متوازن خوراک لیں،جنک اور فاسٹ،چٹ پٹی اور مصالحہ جات خوراک کا کم استعمال کریں،پیٹ بھر کر نہ کھائیں،رات کا کھانا سونے سے تقریبا دو گھنٹے پہلے لیں اورکھانے کے بعد چہل قدمی کریں، سوتے وقت تکیہ تھوڑا اونچا رکھیں، گرڈ کی علامات کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہ بیماری خوراک کی نالی اور معدے کی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ کسی بھی بیماری سے بچاﺅ کیلئے احتیاط ضروری ہے کیونکہ علاج سے بہتراحتیاط ہے۔
معدے کے امراض 

ای پیپر دی نیشن