حیدرآباد(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ فوری طورپر سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے کیونکہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جوں جوں سردی آرہی ہے گیس کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے گھروں میں موجود خواتین کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں اور سوئی گیس کا استعمال کرنے والے دوکانداروں کو سخت اذیت کا سامنا ہے۔ بدقسمتی سے وقت کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات ختم ہوتی جارہی ہیں جس سے شہری اور دیہی زندگی مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو سخت سردیوں میں لوگ کھانا پکانے سے بھی محروم ہوجائیں گے۔یہی صورتحال بجلی کی ہے ، سردی کے باوجود طویل دورانیہ کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے جس سے کاروباری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،کاروباری طبقہ اس صورتحال سے سخت پریشان ہے اس لئے گیس و بجلی جیسے مسائل فوری طورپر حل کئے جائیں۔ اب جبکہ گیس و بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ایسے میں لوڈشیڈنگ کم کی جانی چاہیے لیکن ایسا نہیں ہورہا ہے۔
عبدالجبار خان
سوئی گیس پریشر میں کمی کی شکایا ت کا فوری ازالہ کیا جائے ، عبدالجبار خان
Nov 26, 2022