لاہور(سپورٹس رپورٹر)قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں فیفا ورلڈکپ میں ایران نے ایکسٹرا ٹائم میں دو گول داغ کر ویلز کو اپ سیٹ شکست دیدی۔دوحا کے احمد بن علی سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ایران نے ویلز کو حیران کن شکست دیتے ہوئے فٹ ورلڈکپ میں پہلی فتح اپنے نام کرلی۔ مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا، انجری ٹائم میں ایرانی کے کھلاڑی روزبھ چشمی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد ڈالی۔ایک منٹ کے وقفے کے بعد ایرانی کھلاڑی رومن رضاعین نے ایک اور گول داغ کر اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ایران کی یہ برتری اختتام تک جاری رہی، ایرانی شائقین نے سٹیڈیم میں کھڑے ہوکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کھلاڑیوں نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ گروپ جی کے میچ میں 5بار کی عالمی چیمپئن برازیلین ٹیم نے سربیا کو دو صفر سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغازکر دیا،لوسیل میں برازیل اور سربیا کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا، دوسرے ہاف میں برازیل نے پہلا گول رچرلیسن نے 62ویں منٹ میں کیا، دوسرا گول بھی رچرلیسن نے 73ویں منٹ میں سکور کیا۔برازیل کی ٹیم کو گول کرنے کے مواقع ملے مگر ایک مرتبہ گیند گول پوسٹ سے لگ کر آگئی اور دوسری مرتبہ گول بار سے ، سربین ٹیم نے خسارہ اتار نے کی پوری کوشش کی مگر وہ ناکام رہے اور میچ برازیل کی دو صفر کی جیت پر ختم ہوا۔سینیگال نے میزبان قطر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی ۔ قطر کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے ۔ سینیگال کی پہلی کامیابی ہے ۔نیدر لینڈز اور ایکواڈور کامیچ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔