اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)دس رکنی پاکستانی دستہ کوئین کپ جمپ روپ سکیپنگ چیمپئین شپ میں شرکت کرنے کے بعد بنکاک، تھائی لینڈ سے اسلام آباد پہنچ گیاہے اسلام آباد ائیر پورٹ پر اسلام آباد جمپ روپ سکیپنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں عارف گل اور محمد انور خان نے استقبال کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار اور گل دستے پیش کئے۔چیمپئین شپ میں دنیا بھر سے مختلف ملکوں سے ایک ہزار سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ میں تھائی لینڈ نے پہلی، جنوبی کوریا نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ملائیشیا اور پاکستان کے کھلاڑی تیسرے نمبر پر رہے۔ پاکستانی دستہ میں اریان مسیح، محمد ابراہیم ملک، محمد حسیب، سلمان قیصر، عبدالرحمن، غلام حسن، سبحان اور عبدالرحمن شامل ہیں جبکہ محمد عثمان چیف ڈی مشن اور منیجر کے فرائض محمد حذیفہ نے انجام دیئے۔