کراچی (نیوز رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں گھوسٹ اساتذہ کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے 2ہزار سے زائد ملازمین کی تنخواہیں روکنے کیلئے اکاؤنٹنٹ جنرل کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے گھوسٹ اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو خط لکھا جس میں سندھ کے 2ہزار 19ملازمین کی تنخواہیں فوری روکنے کا کہا گیا ہے۔سیکرٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری نے کہا کہ گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے ملازمین کو نوکری سے فارغ کریں گے، جس میں کراچی میں 144، حیدر آباد میں 132 اور میرپور خاص میں 114 گھوسٹ اساتذہ ہیں۔سیکرٹری تعلیم سندھ کے مطابق قمبر شہداد کوٹ میں 464، جیکب آباد میں 190، دادو میں 102، بینظیرآباد میں 182، شکارپور میں 128، نوشہروفیروز میں 89، لاڑکانہ میں 155 اور سانگھڑ میں 28 گھوسٹ اساتذہ موجود ہیں۔