لاہور( این این آئی)پراونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب متاثرین کی مالی امداد کیلئے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور اب تک 9 کروڑ30لاکھ روپے کی رقم سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جا چکی ہے ۔ ترجمان کے مطابق سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم بذریعہ بنک آف پنجاب کی جا رہی ہے۔ڈی جی خان اور راجن پور میں بینک آف پنجاب کی 24 برانچز سیلاب متاثرین میں رقوم تقسیم کر رہی ہیں۔میانوالی کی تحصیل عیسی خیل میں بھی بینک آف پنجاب کے ذریعے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ بینک آف پنجاب نے متعلقہ برانچز میں سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے لیے خصوصی کائونٹرز قائم کیے ہیں۔ترجمان کے مطابق بینک آف پنجاب سے مالی امداد وصول کرنے والے افراد کا بائیو میٹرک ڈیٹا اور ویڈیوز ریکارڈ بھی لیا جا رہا ہے۔ حکومت 12 ارب 30 کروڑ کی خطیر رقم سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ کر رہی ہے۔