گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) مزدوروں کو کم از کم اجرت 25 ہزار،سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی کارڈز کی جلد اور سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے، جبری مشقت کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی پرمکمل طورپرعملدرآمد کرایا جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) شبیر حسین بٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اینٹی ٹریفکنگ اینڈ اینٹی بانڈڈ لیبر کمیٹی و ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی گوجرانوالہ کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر لیبر ویلفیر گوجرانوالہ ویسٹ شان احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیر ایسٹ شعیب ہارون، انسپکٹر ایف آئی اے تنویر حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حناء بخاری نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) شبیر حسین بٹ نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری اہلکاروں کی طرف سے دیے گئے استغاثہ جات پر فوری طور پر مقدمات کا اندراج کریں اور متعلقہ ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کریں۔ سوشل ویلفیئر سے محکمہ لیبر کو کوارڈینیشن مربوط بنانے، 100 سے زائد افرادی قوت والے اداروں میں معذور افراد کی کوٹہ کے مطابق بھرتی کے لیے حکومتی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا جبری مشقت، کم از کم اجرت اور دیگر شکایات کے ازالہ کے لیے ڈائریکٹوریٹ لیبر ویلفیئر گوجرانوالہ کی جانب سے کمپلین سیل قائم کیا گیا ہے۔
شکایات درج کروانے کے لیے اس نمبر (75-0559330573) پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔