ملتان (سپیشل رپورٹر) پولیس تھانہ قادر پور راں کی پھرتیاں، ٹانگوں سے معذور اڑھائی فٹ کے شخص کو جھگڑے کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا . پولیس نے غیر قانونی قبضہ کے مقدمہ میں 6 سال پہلے فوت ہونے والے شخص اکبر لودھی کو بھی مقدمہ میں نامزد کردیا۔ ٹانگوں سے معذور اڑھائی فٹ کے آصف گجر کو پولیس ہتھکڑیوں میں جکڑ کر کچہری لائی۔ صحافیوں کی جانب سے تصاویر اور ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکاروں کی صحافیوں سے بھی بدسلوکی۔ نمائندہ نوائے وقت سمیت صحافیوں سے موبائل فون چھیننے کی کوشش بھی کی۔ بعد ازاں تصاویر اور ویڈیو بنانے پر پولیس نے معذور شخص کے لئے وہیل چیئر منگوالی۔ اس موقعہ پر ملزمان کا موقف تھا کہ ایک با اثر سیاسی شخص کے کہنے پر پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ عدالت نے معذور ملزم کو دیکھتے ہی مقدمہ سے ڈسچارج کردیا۔ عدالت نے معذور شخص کو گرفتار کرنے والے پولیس اہکاروں کی بھی سخت سرزنش کردی جبکہ مقدمہ میں نامزد دیگر پانچ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس تھانہ قادر پور راں نے معذور شخص کو مقدمہ میں ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت پیش کیا تھا۔ معذور شخص کو ہمراہی ملزمان نے گود میں اٹھا رکھا تھا۔ اس پر ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار طیش میں آگئے اور صحافیوں سے بدتمیزی کی۔ بعدازاں معذور شخص کو وہیل چئیرمنگوا کر اس پر بٹھا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ جسے عدالت نے ملزم کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا ہے۔
سرزنش
ٹانگوں سے معذور کوجھگڑے میں گرفتار کرنے پر قادر پوراں پولیس کی سرزنش
Nov 26, 2022