ملتان(خصوصی رپورٹر)سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے احکامات پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک کی خصوصی دلچسپی کے باعث جنوبی پنجاب میں محکمہ صحت کی جاری سکیموں کا بجٹ 10 ارب سے بڑھا کر ساڑھے 16ارب روپے کر دیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب کی 50 فیصد سے زیادہ ترقیاتی اسکیموں کی مکمل فنڈنگ جاری کر دی گئی ہے۔ اس لیے اب ترقیاتی اسکیموں میں سستی روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ فنڈز موجود ہوتے ہوئے اب کسی وضاحت کا جواز نہیں رہتا۔ یہ باتیں انہوں نے جنوبی پنجاب کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب میں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی 176 اسکیموں کا جائزہ لیاگیا۔ لودھراں، خانیوال اور وہاڑی میں ترقیاتی اسکیموں کی سست روی پر سیکرٹری نے اظہار برہمی کرتے ہوئے متعلقہ چیف ایگزیکٹیو افسران، محکمہ بلڈنگ اور انفراسٹرکچر ڈو یلپمنٹ اتھارٹی کے ا فسران کو ترقیاتی اسکیموں پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام چیف ایگزیکٹیو افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن ترقیاتی اسکیموں پر 70فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ان میں بائیو میڈیکل مشینری اور دیگر سازوسامان کی خریداری کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا جائے ۔ اجلا س میں ایڈیشنل سیکریٹریز قمرالزمان قیصرانی، شاہد عباس جوئیہ، ڈپٹی سیکریٹری شیخ محمد طاہر، پروگرام ڈائریکٹرز ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی، ڈاکٹر مسرت فرحان، ڈاکٹر راو¿ ظفر کے علاوہ جنوبی پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسران، متعلقہ اضلاع کے محکمہ بلڈنگ اور آئی ڈیپ ا فسران شریک ہوئے۔
سیکرٹری صحت