بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع جامع مسجد میں اکیلے اور گروہ کی شکل میں آنے والی خواتین کے داخلے کو ممنوع قرار دیے جانے کے فیصلے کو ختم کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں جامع مسجد میں خواتین کے داخلے پر پابندی کی خبر آنے کے بعد نئی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینا نے جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری سے فون پر بات کی اور ان سے پابندی ہٹانے کی درخواست کی۔اس سے پہلے آنے والی خبروں کے مطابق نئی دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں اکیلے یا گروہ کی شکل میں آنے والی خواتین کا داخلہ ممنوع کردیا گیا تھا تاہم مسجد کے ترجمان کے مطابق شوہر یا فیملی کے ساتھ آنے والی خواتین پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی تھی۔جامع مسجد کے ترجمان نے بیان دیا تھا کہ خواتین کے مسجد میں داخلے پر کوئی پابندی نہیں ہے، پابندی اکیلی آنے والی خواتین پر ہے۔