دیر بالا (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے جس میں فائرنگ اور پتھراو¿ سے پولیس اہل کاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دیر بالا میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ جھڑپ چیکیاتن کے مقام پر ہوئی جس کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیربالا منتقل کر دیا گیا۔ اطلاعات ہیں کہ باب کمراٹ دیربالا میں پی ٹی آئی کے قافلے پر پولیس کی فائرنگ سے شالم ولد محمد شدید زخمی ہوگیا جسے دیر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حالات کشیدہ ہونے کے بعد سڑکیں بند ہوگئیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کوٹکے صاحب آباد دیربالا میں ورکرز کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 لگانے کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ پولیس اور دیر لیویز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ دیر بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کو کے پی پولیس مسلسل سبوتاژ کرنے میں مصروف ہے۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہاکہ کارکنان کو ورکرز کنونشن کی جانب جانے سے روکا جا رہا ہے۔ عمر ایوب خان نے کہاکہ کیا الیکشن کمشن کی پسند کے برعکس باقی کے احکامات رَدّی کی ٹوکری میں پھینکے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کو کے پی کے آئی جی، چیف سیکرٹری اور وزیرِ اعلیٰ کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔