لاہور (آئی این پی ) نیب لاہور نے اثاثہ جات کیس میں فرح گوگی کے بچوں کو بھی شامل تفتیش کر لیا۔ فرح خان اور احسن جمیل گجر نے بچوں کے نام پر بھی اثاثے بنا رکھے ہیں، بیٹے کے نام پر ڈیفنس سمیت دیگر مقامات پر جائیدادیں بنائی گئی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق بچوں کے نام پر جائیدادوں اور اکاونٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، جائیدادوں کے ریکارڈ کے حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو خطوط لکھ دیئے۔ بچوں کو ذاتی حیثیت میں طلبی کے لیے پراسیکیوشن ونگ سے رائے طلب کر لی ہے ،بچوں کے نام پر بنائے گئے اثاثوں کے ذرائع آمدن کیا ہے، اس حوالے سے تحقیقات درکار ہیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ فرح خان، احسن جمیل سمیت دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہے ہیں ، ملزمان پر کرپٹ پریکٹسز کے ذریعے اثاثے اور منی لانڈرنگ کرنے کے الزمات ہیں، فرح خان اور احسن جمیل کو متعدد کال اپ نوٹس بھیجے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔