اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ صنفی شمولیت ،خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں معروف آئی ٹی کمپنی انفو کام ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ مشعال ملک نے مندوبین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے موضوعات بشمول خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ، تنوع اور شمولیت، مالی خودمختاری، خواتین کی قیادت میں کاروبار کو سپورٹ کرنے کے لیے ای کامرس پلیٹ فارم کا تعارف، ادائیگیوں کی وصولی اور تقسیم کے لیے ون ونڈو حل، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر موضوعات پر طویل گفتگو کی۔ملاقات میں مشعال ملک کی قیادت میں صنفی شمولیت اور ٹیکنالوجی کی اہلیت کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے پر منعقد ہونے والے تقریب سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے خواتین کے حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں انفو کام کی کارگردگی کو سراہا۔