لاہور(نیوز رپورٹر) چین کی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔ 21 رکنی وفد میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پلاننگ ڈویژن وانگ چین اور ایم ایل ون منصوبہ کے ٹیم لیڈر ڑو منگروئی شامل تھے۔ چینی وفد کو پاکستان ریلوے کے فریٹ اور پسنجر آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی بے مثال ہے اور یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔ انرجی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں دونوں ممالک کا بھرپور باہمی تعاون رہا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ایم ایل ون گیم چینجر منصوبہ ہے جو پاکستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں انقلاب لائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے فریٹ سیکٹر آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔