نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بیدیاں انڈرپاس کے سائیڈ روڈز کی تعمیر مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔تفصیلا ت کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علیٰ الصبح بیدیاں اور کیولری انڈر پاسز کا دورہ کیا، بیدیاں انڈرپاس کے سائیڈ روڈز کی تعمیر مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے بیدیاں انڈر پاس سائیڈ روڈز کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر جواب طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سوال کیا کہ سائیڈ روڈز کی تکمیل کے لئے 25 نومبر ڈیڈ لائن مقرر کی گئی، کام مکمل کیوں نہیں ہوا؟ جس پر ایل ڈی اے حکام لاجواب ہوگئے۔محسن نقوی نے پیدل چلتے ہوئے کیولری انڈر پاس کا بھی دورہ کیا، سنٹر پوائنٹ گلبرگ تا ڈیفنس موڑ انڈرپاس کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے کیولری انڈر پاس کے اطراف میں سائیڈ روڈز اور نکاسی آب کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈبلیو ایم سی کو سائیڈ روڈز سے مٹی ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔