میکسیکو : مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ 6 ہلاک

 میکسیکو کے ایک بار پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ صبح میکسیکو کے ساحلی صوبے تاباسکو کے ایک بار میں پیش آیا جو ان دنوں بڑھتے ہوئے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔

ریاستی اٹارنی جنرل کے دفتر کے ڈپٹی پراسیکیوٹر گلبرٹو میلکیڈیس مرانڈا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پانچ افراد جائے وقوعہ پر مردہ حالت میں ملے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلح افراد کا گروپ ایک شخص کی تلاش میں نائٹ کلب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔

ایک حکومتی عہدیدار نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ یہ حملہ ولاہرموسا میں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکام مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس جرم کی تفتیش اور اس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور فائرنگ کے محرکات بھی واضح نہیں ہو سکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو بار سے بھاگتے ہوئے اور کچھ کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسی ماہ کے آغاز میں مرکزی میکسیکو کے بار میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ تاریخی شہر کریٹارو کے مرکز میں ہوا جو حالیہ دنوں تک ہمسایہ ریاستوں میں بڑھتے ہوئے تشدد سے محفوظ سمجھا جاتا تھا

ای پیپر دی نیشن