اداکارہ ’’نادیہ خان ‘‘ پچھلے کچھ وقت سے ٹی وی ڈراموں پر ریویو دیتی ہیں اور ان کے ریویوز سوشل میڈیا پر خاصے مقبول بھی ہیں ، وہ ہر ڈرامے کا ریویو میرٹ پر دیتی ہیں ، لیکن ان کے حقیقت پر مبنی ڈرامہ ریویز پر کافی تنقید کی جا تی ہے۔ اس تنقید پر نادیہ خان بالکل نہیں گھبراتیں۔ انہوں نے اداکاری کے میدان میں دل جیتے ضرور لیکن کافی عرصے سے وہ ڈراموں میں اس طرح نظر نہیں آرہیں جس طرح سے انہیں آنا چاہیے ان کے مداح ان کو سکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکارہ چند دن قبل ایک تقریب میں اپنے شوہر کے ساتھ پہنچیں وہاں نوائے وقت نے ان کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔
نادیہ خان اور ان کے شوہر فیصل نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامہ ’’کبھی میں کبھی تم ‘‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کہانی بہت اچھی تھی ، ہر بندے کے اندر کی کہانی تھی ، فیصل نے کہا کہ اس ڈرامے کی جو خوبصورتی تھی وہ اسکی سادگی تھی۔کہانی گھسی پٹی نہیں تھی۔ڈرامے کا مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ بتایا جائے کہ دوسری سائیڈ کی سٹوری کیا ہے۔ میں تو سمجھتا ہوں کہ یہ کہانی مکمل طور پر عوامی کہانی تھی اوراس میں دیکھنے والوں کے لئے بہت سارے سبق تھے۔ہمیں ایسی کہانیوں سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے، اچھا ڈرامہ ہی وہی ہوتا ہے جس سے کچھ سیکھا جائے۔اداکارہ نادیہ خان نے کہا کہ فیصل ڈراموں کو باریک بینی سے دیکھتے ہیں اور بہت ساری ایسی چیزیں نوٹس کرتے ہیں جن پہ میں حیران ہوجاتی ہوں۔ فیصل نہ صرف اچھا بولتے ہیں بلکہ مجھے بھی بہت ساری جگہوں پر بتاتے ہیں کہ کس ڈرامے میں کیا کمی یا خوبی ہے۔ نادیہ خان نے مزید کہا کہ فیصل میرے ڈراموں کے ریویوز کی تیاری میں میری بھرپور مدد کرتے ہیں اور مجھے بتاتے ہیں کہ مجھے کیا بات کرنی ہے۔ فیصل سے جب سوال کیا گیا کہ کبھی میں کبھی تم والی شرجینا میں ایسی کونسی عادات ہیں جو نادیہ خان میں بھی ہیں تو انہوں نے کہا کہ معصومیت نادیہ خان بہت معصوم ہیں ، نادیہ خان نے اس پر کہا کہ لیکن شرجینا نے جو سوری کی اپنے شوہر کے ساتھ وہ میں نہیں کرتی ہوں۔بلکہ کوئی بھی بات ہو تو میرے شوہر فیصل مجھے مناتے ہیں۔ نادیہ خان سے سوال کیا گیا کہ آپ سوری نہیں کرتی کہیں یہ وجہ تو نہیں کہ آپ جوان ہیں حسین ہیں خوبصورت ہیں ، اس پر نادیہ خا ن نے ہنستے ہوئے کہا کہ جی جی ایسا بھی ہے لیکن سب سے زیادہ فائدہ میں اس چیز کااٹھاتی ہوں کہ فیصل مجھ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔ اور جب پارٹنر آپ کو عزت دے اور محبت سے تو بدلے میں آپ بھی ایسا کرتے ہیں ، اس سے رشتہ مزید مضبوظ ہوجاتا ہے۔ نادیہ کے شوہر سے سوال کیا گیا کہ نادیہ خان کی کونسی ایسی عادت ہے جو ہمیں نہیں پتہ اور آپ ہمیں بتائیں گے انہوں نے کہا کہ نادیہ کی معصومیت ہے جو میں سب کو بتانا چاہوں گا ، نادیہ جیسی ہیں ویسی ہی نظر آتی ہیں بالکل بناوٹ نہیں کرتی ، کوئی بھی بات بنا کر اور گھما کر نہیں کرتیں۔جو ہیں وہی ہیں۔ نادیہ سے سوال کیا گیا کہ آپ ڈراموں کے جو ریویز دیتی ہیں تو اس پر ایکٹرز ناراض ہوتے ہیں ؟تو اداکارہ نے کہا کہ میں ڈراموں پر ریویز دیتی ہوں ، لوگ پسند بھی کرتے ہیں نہ پسند بھی کرتے ہیں ملی جلی ہر ایک کی رائے ہے ،اور ہم کسی کی رائے پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔جہاں تک فنکاروں کی بات ہے تو کچھ فنکار یقینا ناراض بھی ہوتے ہوں گے ، لیکن زیادہ تر خو ش ہوتے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ میں سچ بولتی ہوں اور میرٹ پر ریویوز دیتی ہوں۔ اگر کہیں کوئی تنقید ہوتی ہے تو میں لاجک دیتی ہوں جس کے بعد یقینا قائل ہوجاتے ہیں ناقد۔ نادیہ اور فیصل سے سوال کیا گیا کہ آپ دونوں جب ایک دوسرے کی زندگی میں آئے تو آپ کی زندگیوں میں کیا تبدیلی آئی تو نادیہ خان نے کہاکہ میری زندگی میں بہت اچھا چینج آیا میں بہت خوش ہو ں کہ میری زندگی بہت خوبصورت ہے ، پیار کرنے والا شوہر ہے جو میرا ہر دم خیال رکھتا ہے ، میں بھی اسکا بہت خیال رکھتی ہوں، ہم ایک دوسرے کے مزاج کو بخوبی سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمارے رشتے میں گزرتے وقت کے ساتھ خوبصورتی اور مضبوطی آرہی ہے۔ اگر پارٹنر سمجھنے والا ہو تو ایک الگ قسم کا اعتماد آتا ہے ، اس اعتماد کی وجہ سے آپ اپنی زندگی میں بہت کچھ اچھا کر سکتے ہیں۔ فیصل نے کہا کہ رشتوں کی خوبصورتی اسی میں ہی ہے کہ ہم نظر انداز کریں چھوٹی چھوٹی باتوں کو تاکہ رشتے میں خرابی نہ آئے اگر ہم چھوٹی چھوٹی باتوں کو لیکر بیٹھ جائیں گے تو یقینا زندگی مشکل ہوجائیگی۔ دونوں اطراف سے یہ کوشش ہونی چاہیے کہ وہ اگر کوئی بات ہو بھی گئی ہے تو اسکو ممکن حد تک نظر انداز کردے ، اگر نظر انداز نہیں بھی کیا جا سکتا تو کم ازکم اس پہ بات آرام سکون سے کر لی جائے۔فیصل نے کہ مجھے ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں ایک لائن بہت اچھی لگی کہـ?ـ?’’ اب ساتھ رہنا فرض ہے‘‘۔رشتوں میں خرابی کہا ں آتی ہے ؟ اس سوال کے جواب میں نادیہ خان نے کہا کہ انڈرسٹینڈنگ نہ ہو تو رشتوں میں خرابی آتی ہے۔فیصل اور نادیہ خان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ دونوں نے ایک دوسرے کو چینج کرنے کی کوشش کی تو، نادیہ خان نے کہا کہ نہ میں نے نہ فیصل نے ، ہم دونوں نے ایک دوسرے کو بالکل بھی چینج کرنے کی کوشش نہیں کی۔ہم جیسے ہیں ویسے ہی ایک دوسرے کو بہت پسند کرتے ہیں۔اور چھوٹی موٹی بات ہو بھی جائے تو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ فیصل نے کہا کہ ہمیں کبھی بھی کسی کو بھی نہیں بدلنا چاہیے جو جیسا ہو اس کی خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ اپنانا چاہیے۔
ہم نے ایک دوسرے کو بدلنے کی کوشش نہیں کی
Nov 26, 2024