ساہیوال؍ چیچہ وطنی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) عدالت نے قومی اسمبلی کے رکن رائے حسن نواز خان سمیت گرفتار کئے گئے 97 پی ٹی آئی کارکناں کو رہا کردیا۔ چیچہ وطنی پولیس کے مطابق رائے حسن نواز خاں، رانا جواد شمشاد ایڈووکیٹ، میر ثاقب رضاء الدین ، رانا مبشر شعیب سمیت 19 کارکناںکو بائی پاس روڈ بلاک کرنے اور لوگو ں کو اڈیالہ جیل کا دروازہ توڑ کر بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے پر اکسانے کے الزامات کے تحت گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزموں کو پیر کے روز علاقہ مجسٹریٹ عدنان انجم گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا، فاضل جج نے وکلا صفائی کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور عدالتی وقت ختم ہونے سے کچھ دیر قبل تمام ملزموں کو مقدمہ سے ڈسچارج کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا۔ فاضل جج نے اپنے فیصلہ میں یہ شعر بھی تحریر کیا ہے۔ نثار تیری گلیوں کے اے وطن کہ جہاں، چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سر اٹھا کے چلے۔ ساہیوال تھانہ غلہ منڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے مقامی ہوٹل اور فتو موڑ پر روڈ بلاک کرنے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے پر نعیم اسلم وغیرہ 78 کارکن گرفتار کرکے دو مقدمات درج کئے اور گرفتار کارکنوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ سردار عمر کی عدالت میں پیش کیا گیا تو مجسٹریٹ نے گرفتار کارکنوں نعیم اسلم وغیرہ کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔