اسرئیل ، لبنان جنگ بندی پر آمادہ ، صیہونی پا رلیمنٹ آج منظوری دیگی : حزب اللہ اسرائیل حملہ ، متعد د فوجی  زخمی

Nov 26, 2024

تل ابیب، تہران، غزہ، بیروت (آئی این پی+ این این آئی) اسرائیلی فورسز کے غزہ کے مسلمانوں پر وحشیانہ حملے جاری رہے۔ تازہ حملوں میں مزید 38 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مسجد پر بمباری سے 6 افراد شہید ہوگئے۔ بوریج مہاجر کیمپ میں 4 اور مغازی مہاجر کیمپ میں 1 شخص اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنا۔ رفاہ کے پناہ گزین کیمپوں پر ڈرون حملے سے متعدد افراد شہید ہوئے۔ شہداء کی مجموعی تعداد 44 ہزار 211 ہوگئی۔ 1 لاکھ 4 ہزار 567 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فورسز نے شجاعیہ میں انخلا کے نئے احکامات جاری کر دیئے۔ سینکڑوں فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ دوسری جانب دہشت گرد اسرائیل کی لبنان میں بھی شرانگیزی جاری رہی۔ اسرائیلی فورسز کے مشرقی علاقوں میں فضائی حملے سے مزید 24 لبنانی شہری شہید جبکہ 45 زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء حزب اللہ نے بھی تل ابیب میں اسرائیلی فضائی اڈے کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ دعویٰ کیا کہ کئی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ جنگ بندی کی صورت میں حزب اللہ دریائے لیطانی سے شمال تک پیچھے ہٹ جائے گی جبکہ اسرائیل جنوبی لبنان سے انخلا کرے گا۔ جنگ بندی معاہدہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں آج ووٹنگ کے بعد منظوری ملنے پر نافذ ہو جائے گا۔ لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر الیاس ابو صعب نے بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کیلئے امریکی پیشکش پر عملدرآمد کیلئے کوئی پیچیدگی باقی نہیں رہی۔ جنگ بندی معاہدے کے تحت جنوبی لبنان میں 60 روز کے اندر لبنانی فوج تعینات کی جائے گی۔ اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمیر بن گوئیر نے ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی بڑی غلطی قرار دیدیا۔

مزیدخبریں