اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے 11 منصوبوں پر غور کیا جن میں سے 172.7 ارب روپے کے 10 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ وزارت صحت کی جانب سے مزید وضاحت کے لئے ایک منصوبہ مؤخر کر دیا گیا۔ منظور شدہ منصوبوں میں سے چھ بلوچستان میں ہیں۔ منظور شدہ منصوبے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے صوبوں میں رابطوں کو بہتر بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ سے متعلق ہیں۔ کراچی کے لئے 29.2 بلین روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے ورلڈ بینک کے فنڈڈ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔