احتجاج کے بحائے یہ تحریک مسلح دہشتگردی کی کاوش ، خواتین پر تشدد کر نیوالوں سے نمٹا جا ئیگا : مریم نواز 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس افسروں اور اہلکاروں پر حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کانسٹیبل پر فائرنگ پر شدید غم وغصے کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے پولیس پوسٹوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت 20 سے زائد پولیس اہلکار کا حملوں میں زخمی ہونا افسوسناک ہے۔ مظاہرین کے پاس شارٹ مشین گن، آنسو گیس، چاقو، ماسک وغیرہ بھی دیکھے گئے۔ مظاہرین کی جانب سے پنجاب پولیس پر حملوں میں ایسا اسلحہ استعمال ہوا جو صرف پولیس کے پاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غازی بروتھا، میانوالی، ہزارہ موٹروے اور دیگر مقامات پر فائرنگ کی گئی۔ پنجاب پولیس کو پہلے بھی تصادم سے بچنے کیلئے غیر مسلح رکھا گیا تھا، اب بھی غیر مسلح ہے۔ پچھلے احتجاج میں بھی ایک کانسٹیبل شہید 25 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ایک صوبے کی پولیس کا دوسرے صوبے پر سرکاری وسائل سے حملہ قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے۔ یہ کونسا احتجاج ہے جہاں سرکاری وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔ احتجاج کی بجائے یہ تحریک مسلح دہشت گردی کی کاوش ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں تشدد یا ظلم قطعاً برداشت نہیں۔ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار ہیں۔ دین اسلام میں پہلی مرتبہ عورت کو مکمل عزت و احترام اور حقوق دینے کے احکامات دئیے گئے۔ بیٹیوں اور بہنوں سمیت خواتین کی عزت و احترام نبی کریمؐ  کی سنت ہے۔ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اور مجرم ہیں، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ خواتین کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کو پہلی بار ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ مشکل کا شکار خواتین شکایات ورچوئل پولیس سٹیشن درج کرا سکتی ہیں۔ خواتین کسی ہنگامی صورتحال میں پنک بٹن سے فوری پولیس ہیلپ حاصل کر سکتی ہیں۔ خواتین کے لیے پولیس وویمن ہیلپ لائن بھی مکمل فعال ہے۔ دریں اثناء مریم نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ریزیڈنٹ مشن کی ڈاکٹر ایما ڑاؤچن فین (Dr. Emma Xiaoqin Fan) نے ملاقات کی، ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، معیشت کی مضبوطی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں زراعت، صحت، تعلیم، ماحولیاتی تحفظ اور ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ پر تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔ جلال پور ایریگیشن پراجیکٹ اور کلین انرجی کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر ایما ڑاؤچن فین نے ویمن ایمپاورمنٹ اور پنجاب حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایشیائی ترقیاتی بنک کی پنجاب کے مختلف منصوبوں میں مالی و تکنیکی معاونت کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اے ڈی بی کا تعاون عوام کی خوشحالی اور معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔  ڈاکٹر ایما ڑاؤچن فین نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان، خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ پنجاب کی کلائیمٹ پالیسی ماحول اور اکانومی کیلئے سود مند ثابت ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن