سموگ کی بہتر صورتحال : لاہور سمیت 4اضلاع میں تعمیر اتی کام کرنے ، دفاتر کو عملہ بلانے کی اجازت 

Nov 26, 2024

لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سموگ کی صورتحال میں بہتری کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور سمیت 4 اضلاع میں تعمیراتی کام کی اجازت دیدی۔ ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق  لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد  میں تعمیراتی کام کی اجازت ہوگی جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر بھٹے بھی کام کرسکیں گے۔ ہیوی ٹریفک پیر سے جمعرات تک اضلاع میں داخل ہوسکے گی جبکہ جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ریسٹورنٹس کی ان ڈور اور آئوٹ ڈور ڈائننگ 10 بجے تک ہوگی۔ دوسری طرف مارکیٹس کو 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے کے بعد بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور رات گئے تک متحرک رہی۔ مسلسل انسپکشن سے بہتری، حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد یقینی، 06 دکانیں 06 ریسٹورنٹس اوقات کار کی خلاف ورزی پر سیل کی کیے گئے۔ تحصیل شالیمار میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے پابندیوں پر عملدرآمد کروا کر 04 دکانیں سیل کیں اور تحصیل صدر میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عبدالباسط صدیقی نے پابندیوں پر عملدرآمد کروا کر 01 ڈیپارٹمنٹل سٹور اور 01 تمباکو کی دکان کو سیل کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر عبدالباسط نے 06 ریسٹورنٹس کو بھی اوقات کار کی خلاف ورزی پر سیل کروایا۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ نے پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا اور تحصیل علامہ اقبال ٹاؤن میں اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عمیر نے پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا۔ اسی طرح تحصیل نشتر زون میں اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم نے پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا اور اسسٹنٹ کمشنر راوی طارق بشیر نے تحصیل راوی میں پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا۔ تحصیل واہگہ زون میں اسسٹنٹ کمشنر عامر بٹ نے پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے عوام سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مکمل تعاون  کی اپیل ہے۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر حکم نامہ جاری کر دیا۔ جسٹس شاہد کریم  نے درخواستوں پر 3 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد سکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں، اس حوالے سے تمام سکولز کو فائنل نوٹس بھی جاری کئے جائیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 242  ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے کا اے کیو آئی 366  جبکہ غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 294  رہا۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کو جانچنے کے لیے کئی شہروں میں ایئر کوالٹی کے جدید مانیٹرز کی تنصیب کردی گئی۔ لاہور سمیت فضائی آلودگی میں سرفہرست شہروں میں 30 ائیر کوالٹی مانیٹرز  نصب کردیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں