لاہور(سپورٹس رپورٹر)دبئی میں جاری سہ ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کا فائنل میں افغانستان سے مقابلہ آج ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہو گا۔7 میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے چار چار میچ کھیلے ہیں اور دونوں ٹیموں نے ہی تین تین میچز جیتے اور ایک ایک ہارا۔ سعد بیگ کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 20 نومبر کو ہونیوالے میچ میں افغانستان کو 13 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے پہلے محبوب خان کی قیادت میں افغانستان نے 15 نومبر کو پاکستان کیخلاف اپنے پہلے میچ میں 100 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف اپنے 2 مقابلوں میں شاندار فتح حاصل کی۔ ایک میچ 10وکٹوں اورایک میں 191 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ شاہ زیب خان اور عثمان خان کی اوپننگ جوڑی زبردست فارم میں ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے بازعثمان نے 4 میچوں میں 102کی اوسط سے 306رنز بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ شاہ زیب نے 92.33 کی اوسط سے 277 رنز بنائے ، جس میں 4 میچوں میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ دونوں بیٹسمینوں نے اوپننگ کے دوران 2 سنچریوں کی شراکت قائم کی۔
19 ٹرائی سہ فریقی سیریز :پاکستان ، افغانستان میںفائنل میچ آج کھیلاجائے گا
Nov 26, 2024